بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں مندر سے کیلا اٹھا کر کھانے پر ذہنی معذور مسلمان لڑکے کو بہیمانہ تشدد کرکے قتل کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گنیش چترتھی کے تہوار کے موقع پر مندر سے کیلا چرا کر کھانے کے الزام میں مشتعل ہجوم نے 22 سالہ مسلمان لڑکے محمد اسحاق کو کھمبے سے باندھ کر بیدردی سے مارا پیٹا، انتہا پسندوں نے نہتے مسلم نوجوان کو ڈنڈوں، راڈوں اور لاٹھیوں سے مار مار کر لہولہان کردیا، جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ مقتول اسحاق کے 60 سالہ والد نے غیرملکی میڈیا کو بتایا کہ میرے بیٹے کو صرف پرساد کو ہاتھ لگانے پر مارا گیا۔ ان لوگوں کو یہ بات ناگوار لگی کہ ایک مسلمان نے ان کے پرساد کو کیوں چھوا۔ اسحاق کی بہن عظمیٰ نے بتایا کہ اس کے بھائی کے کچھ ناخن ٹوٹے ہوئے اور کچھ نکالے گئے تھے اور ظالموں نے چند انگلیاں جڑ سے کاٹ دی تھیں۔
