قطرایئر ویز کی پرواز میں خاتون نے تڑپ تڑ پ کر جان دے دی

قطر سے آسٹریلیا جانے والی قطر ایئرویز کی ایک پرواز میں گزشتہ دنوں ایک خاتون کی موت واقع ہو گئی۔ اس خاتون کی حالت بگڑنے پر جب ساتھی مسافروں نے عملے کو آگاہ کیا تو انہوں نے کیا ردعمل دیا؟ پرواز میں موجود ایک میاں بیوی نے افسوسناک تفصیل بتائی ہے۔نیویارک پوسٹ کے مطابق آسٹریلوی میاں بیوی فرانسسکا اور انریکو نے بتایا ہے کہ ”ہم دوحہ سے سڈنی جانے والی پرواز میں سوار تھے، جب ہم آدھے راستے پہنچے تھے کہ ہمارے پیچھے بیٹھی خاتون، جو بظاہر سو رہی تھی، کے منہ سے بلند اور عجیب و غریب آوازیں نکلنی شروع ہو گئیں۔ ہم نے عملے کو آگاہ کیا۔ پہلے ایک شخص آیا اور خاتون کو دیکھ کر چلا گیا۔“
فرانسسکا اور انریکو بتاتے ہیں کہ ”ہم نے کچھ دیر بعد دوبارہ عملے کو بلایا۔ اب کی بار وہ آکسیجن سلنڈر ساتھ لے کر آئے اور چند لمحے خاتون کے پاس کھڑے رہ کر واپس چلے گئے اور پھر آدھے گھنٹے بعد واپس آئے۔ تب تک خاتون کی آواز بند ہو چکی تھی اور وہ بے حس و حرکت اپنی سیٹ پر پڑی تھی۔گویا اس وقت تک خاتون کی موت ہو چکی تھی۔“
قطر ایئرویز کی طرف سے جاری ایک بیان میں اس واقعے کی تصدیق کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ خاتون کو بچانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔ دوسری طرف فرانسسکااور انریکو کا کہنا ہے کہ عملے کے افراد نے انتہائی لاپروائی کا مظاہرہ کیا۔ اگر وہ مستعدی سے خاتون کو بچانے کی کوشش کرتے تو شاید اس کی جان بچائی جا سکتی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں