فاسٹ بولر محمد شامی نے ان کے اور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ شادی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔محمد شامی نے جمعے کو ایک پاڈ کاسٹ میں ان افواہوں پر بات کرتے ہوئے ایسی باتیں کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔فاسٹ بولر کا ان کی ثانیہ مرزا کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی میمز کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’عجیب ہی ہے اور ہے کیا اس میں؟ زبردستی کیا ہے پر کیا کریں؟ تصویر کھولو تو اپنی ہی تصویر نظر آتی ہے۔ لیکن میں ایک چیز بولنا چاہوں گا، میں مانتا ہوں میمز آپ کے مذاق کے لیے ہے لیکن کسی کی زندگی سے متعلق ہوتے ہیں۔ تو آپ کو بڑی سوچ سمجھ کر میمز بنانے چاہییں۔ آپ کو ویری فائیڈ پیج نہیں ہے، پتہ نہیں ہے، کوئی جانتا نہیں ہے تو آپ بول سکتے ہو۔‘محمد شامی نے مزید کہا کہ ’لیکن میں ایک ہی چیز بولنا چاہوں گا، اگر آپ میں دم ہے تو ویری فائیڈ پیج سے بول کے دکھاؤ، پھر ہم بتاتے ہیں۔ دوسرے کی ٹانگ کھینچنا بہت آسان ہے۔ کامیابی حاصل کرو، اپنا لیول اوپر کرو۔ تب میں مانوں گا آپ اچھے انسان ہے۔‘خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں ثانیہ مرزا نے پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے ساتھ اپنی طلاق کی تصدیق کی تھی۔ جبکہ محمد شامی کی سنہ 2018 میں اپنی اہلیہ سے علیحدگی ہو گئی تھی۔
