امیر جماعت اسلامی کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا

ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور اس سلسلے میں ملک بھر سے جماعت اسلامی کے46 ہزار اراکین حق رائے دہی کےاہل تھے۔قیصر شریف نے کہا کہ امیر جماعت کے انتخاب کے لیے تمام ضلعی دفاتر میں بیلٹ باکس اور مرکزی انتخابی کمیشن کے نمائندے موجود رہے۔ اضلاع سے بیلٹ کے بند لفافے پہنچنے کی آخری تاریخ 31 مارچ ہے، یکم اپریل سے مرکزی دفتر انتخابی کمیشن منصورہ میں گنتی کا عمل شروع ہو گا اور گنتی مکمل ہونے پر صدر انتخابی کمیشن جماعت اسلامی راشد نسیم نتائج کا اعلان کریں گے۔قیصر شریف نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کا ہر پانچ سال بعد انتخاب دستوری تقاضا ہے، نومنتخب امیر جماعت اسلامی کی مدت اپریل 2029 تک ہو گی. مرکزی مجلس شوری نے اراکین کی رہنمائی کے لیے امیر جماعت کے لیے تین نام سراج الحق، لیاقت بلوچ، حافظ نعیم الرحمان تجویز کیے ہیں، اراکین جماعت ان تین کے علاوہ بھی کسی کو ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں۔قیصر شریف نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی دوسری دفعہ مدت امارات 8 اپریل کو پوری کر رہے ہیں اور وہ جماعت اسلامی کے پانچویں امیر ہیں۔مولانا سید ابو اعلیٰ مودودی پہلے، میاں طفیل محمد دوسرے، قاضی حسین احمد تیسرے اور سید منور حسن چوتھے امیر رہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک مکمل جمہوری جماعت ہے، دستور کے مطابق جماعت اسلامی میں ہر سطح پر باقاعدگی سے انتخابات ہوتے ہیں، جماعت اسلامی کسی فرد یا خاندان کی نہیں بلکہ ہر رکن اور کارکن کی جماعت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

five + 20 =