لاہور میں نشے کی لت میں مبتلا تین ملزمان نے بلیڈز سے حملہ کرکے اپنے ایک ساتھی کو موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق یہ واردات انارکلی بازار کے قریب ہوئی۔ قاتل اور مقتول باہم دوست تھے اور سڑک کنارے اکٹھے نشہ آور ادویات استعمال کرتے تھے۔رپورٹ کے مطابق اس علاقے میں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک وارڈنز نے ان نشیئوں کو اپنے ساتھی پر حملہ آور دیکھا تو اس کی مدد کے لیے گئے تاہم تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ ملزمان بلیڈز سے مقتول کے پورے جسم کوبری طرح زخمی کر چکے تھے، جس سے مقتول کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ٹریفک وارڈنز نے انارکلی پولیس سٹیشن کو واردات کی اطلاع دی، جنہوں نے جائے واردات پر آ کر تینوں ملزمان کو گرفتار لیا اور مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی۔
