سی ٹی ڈی نے شانگلہ خودکش حملے میں ملوث 10سے زائد دہشت گرد اور سہولت کار گرفتار کرلئے۔نجی ٹی وی نے سی ٹی ڈی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حملے میں ملوث اہم کمانڈر اور دہشت گرد نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔سی ڈی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث نیٹ ورک کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے ہے جبکہ خودکش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے ہے۔خودکش حملہ آور کو افغانستان سے لانے والا کمانڈر بھی گرفتار کیا گیا ہے،گرفتار افراد میں 4 سہولت کار شامل ہیں۔سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا ہے کہ بارود سے بھری گاڑی افغانستان میں تیار کی گئی تھی، جو چمن کے راستے ڈی آئی خان درہ زندہ پہنچائی گئی تھی، گاڑی درہ زندہ سے چکدرہ پہنچانے والے ڈرائیور کو ڈھائی لاکھ کرایہ دیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کی موبائل سم کی مدد سے اہم گرفتاریاں کی گئیں، موبائل سم جس شخص کے نام سے رجسٹرڈ تھی اس نے دوسرے اور دوسرے نے خودکش حملہ آور کو دی، حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی شانگلہ کے قریب پٹرول پمپ پر 10 دن کھڑی رہی،گاڑی 10 دن تک 500 روپے فی دن کرائے پرپارک کی گئی تھی۔تفتیشی ٹیم کے ذرائع کے مطابق گاڑی کو نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے سمگلر کے ذریعے چکدرہ پہنچایا گیا، سمگلر ہفتے میں 20 سے 30 گاڑیاں چمن سے چکدرہ لے کر آتے ہیں۔ خودکش حملے کے روز گاڑی کو دھماکے والی جگہ پہنچایا گیا،گاڑی کو چمن سے چکدرہ پہنچانے والا ایک سہولت کار بلوچستان سے گرفتار کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کا ماسٹر مائنڈ بلال داسو ڈیم حملے میں بھی ملوث اور مطلوب ہے، خودکش حملہ آور کے 2 ساتھی بھی گرفتار کئے گئے ہیں اور بلال کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے۔
