پاکستان کی چینی باشندوں پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت

پاکستان نے شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی باشندوں پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ خیبر پختونخوا کے شہر بشام کے قریب دہشت گرد حملے میں 5 چینی شہری ہلاک ہوگئے۔ دہشتگرد حملے میں 1 پاکستانی شہری بھی جاں بحق ہوا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان دہشتگردی کے اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے۔ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کےلیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ ایسی گھناؤنی کارروائیاں پاکستانی قوم کے دہشتگردی کی لعنت کے خلاف لڑنے کا عزم کمزور نہیں کر سکتیں۔آج کے حملے کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی تھی، ایسی تمام قوتوں کے خلاف پورے عزم کے ساتھ کارروائی کریں گے اور شکست دیں گے۔پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں چینی دوستوں کے ساتھ کھڑے ہیں، حملے میں ہلاک چینی شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں، پاکستان میں چینی شہریوں کی زندگی اور حفاظت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبہ جات کا تحفظ یقینی بنانے کےلیے پاکستان چینی بھائیوں سے مل کر کام کرتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

eleven + nineteen =