اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط لکھنے پر سنی اتحاد کونسل نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک التوا ءجمع کروانے کا فیصلہ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے تمام ایم این ایز کے دستخط سے تحریک التوا ءجمع ہو گی جبکہ رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر اور علی محمد خان نے دستخط بھی کر دیئے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کی تحریکِ التوا ءکے متن کے مطابق قومی اسمبلی کے 2007 کے قواعد و ضوابط کے اصول 109 کے تحت تحریک التوا ءکا نوٹس دیتے ہیں، 6 ججوں کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے خط کے باعث پیدا ہوئی صورتحال کے باعث ایوان کی معمول کی کارروائی معطل کی جائے، ملک کے انٹیلی جنس ادارے کی جانب سے عدالتی امور میں مداخلت کے بعد صورتحال خراب ہوئی، آئین کے دیباچے میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ کی آزادی کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔ تحریکِ التوا ءمیں مزید کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کے انکشافات سے ظاہر ہوتا ہے ریاست اور حکومت عدلیہ کی آزادی و تحفظ میں ناکام رہی، انصاف ہر شہری کا بنیادی حق ہے اس پر سمجھوتہ کیا جا رہا ہے۔
