انڈس ہسپتال کے بانی ڈاکٹر عبدالباری کے لیے امریکی امپیکٹ ایوارڈ

یہ ایوارڈ ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے اپنے کام کے ذریعے معاشرے میں غیرمعمولی اور دیرپا مثبت اثرات مرتب کیے ہوں۔ڈاکٹر عبدالباری خان اس سال یہ اعزاز حاصل کرنے والے واحد پاکستانی ہیں، جسے پاکستان کے لیے ایک اہم بین الاقوامی شناخت اور باعث فخر قرار دیا جا رہا ہے۔آئزن ہاور فیلوشپس کے مطابق ڈاکٹر عبدالباری خان کو یہ ایوارڈ انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کو ملک کے سب سے بڑے مفت طبی نظاموں میں سے ایک میں تبدیل کرنے پر دیا جا رہا ہے، جو ہر سال لاکھوں مریضوں کو بلامعاوضہ صحت کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ڈاکٹر عبدالباری خان پاکستان کے معروف سرجن اور سماجی کارکن ہیں، انہوں نے تقریباً دو دہائیاں قبل کراچی میں 150 بستروں پر مشتمل ایک ہسپتال سے انڈس ہسپتال کا آغاز کیا تھا، ان کی قیادت میں یہ ادارہ ایک ملک گیر صحت کے نظام میں تبدیل ہو چکا ہے جو پاکستان بھر میں لاکھوں افراد کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرتا ہے۔آج انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے تحت 12 کثیر الجہتی ہسپتال، چار ریجنل بلڈ سینٹرز، تین فزیکل ری ہیبلیٹیشن مراکز اور 100 سے زائد پرائمری ہیلتھ کیئر مراکز اور صحت عامہ کے منصوبے پاکستان کے مختلف علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں آئزن ہاور فیلوشپس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران انڈس نیٹ ورک نے 67 ہزار سے زائد آپریشن کیے، دو لاکھ 14 ہزار سے زیادہ مریضوں کو ہسپتال میں داخل کر کے علاج فراہم کیا، 29 لاکھ آؤٹ پیشنٹ وزٹس ریکارڈ کیں، چودہ لاکھ سے زیادہ ایمرجنسی مریضوں کا علاج کیا، سولہ ہزار سے زائد محفوظ زچگیاں کرائیں، دو لاکھ 12 ہزار سے زیادہ افراد کو ذہنی صحت کی خدمات فراہم کیں اور 63 لاکھ سے زائد افراد کی ملیریا سکریننگ کی۔آئزن ہاور فیلوشپس کے صدر جارج ڈی لاما نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالباری خان نے اپنی ذاتی سوچ کو ایک ایسے قومی صحت کے نظام میں تبدیل کر دیا ہے جس نے بے شمار جانیں بچائی ہیں اور ہر سال لاکھوں افراد کی صحت کو بہتر بنایا ہے، کمزور اور محروم طبقات کو باوقار اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کا ڈاکٹر خان کا عزم آئزن ہاور فیلوشپس کے مشن کی بہترین مثال ہے۔2017 میں ایک اور پاکستانی ملک احمد جلال، چیف ایگزیکٹو آفیسر قرطبہ کیئر انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ کو یہ اعزاز مل چکا ہے۔ انہوں نے 2021 میں ادارے کے قیام کے بعد سے 12 سے زائد ایسے تعلیمی پروگرام شروع کیے جو براہ راست روزگار سے منسلک ہیں، اب تک 500 سے زیادہ طلبہ فارغ التحصیل ہو چکے ہیں جبکہ 450 سے زائد طلبہ کو کلینیکل ملازمتیں مل چکی ہیں۔ڈاکٹر عبدالباری خان کو یہ ایوارڈ 11 نومبر 2026 کو فلاڈیلفیا میں منعقد ہونے والی تقریب میں دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں

eleven + ten =