کنڈیارو :کنڈیارو میں سیپکو کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف کارروائی 8 ویں روز بھی جاری، 3 ٹرانسفارمر اتار لیے، 248 غیرقانونی کنکشن منقطع۔ ایک روز میں 7 لاکھ روپیہ بقایاجات موصول ۔ تفصیلات کے مطابق سیپکو چیف سکھر سعید احمد ڈاوچ کی ہدایات پر ایس ڈی او سیپکو کنڈیارو اسد اللہ میمن کی زیر قیادت ٹیم کی جانب سے نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف آٹھویں روز بھی آپریشن جاری رہا، گزشتہ روز کمال ڈیرو فیڈر پر مختلف گوٹھوں میں بجلی چوروں اور بقایاجات والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 248 غیرقانونی کنکشن منقطع کرکے تاروں کو جلادیا گیا، جبکہ مختلف علاقوں میں سیپکو صارفین کی طرف لاکھوں روپیہ بقایاجات ہونے کے باعث تین ٹرانسفارمر کرین کے ذریعے اتار لیے گئے، اس سلسلے میں ایس ڈی او سیپکو کنڈیارو اسد اللہ میمن نے صحافیوں کو بتایا کہ سیپکو چیف کے حکم پر ایکسئین نوشہرو فیروز کی ہدایات کے بعد بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی آٹھویں روز بھی جاری رہی، کمال ڈیرو فیڈر پر بقایاجات ہونے کے باعث تین ٹرانسفارمر اتار لیے گئے، جبکہ سٹی ون اور سٹی ٹو فیڈر پر بھی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ روز ایک ہی روز میں سات لاکھ روپیہ کی بقایاجات کی رقم موصول ہوئی، ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ چوری کے ذریعے بجلی چلانے سے گریز کریں اور میٹر کے ذریعے بجلی استعمال کریں۔
