وہ ملک جس کے 80فیصد علاقے پر گینگز نے کنٹرول سنبھال لیا

جزائرغرب الہند کے ملک ہیٹی پر گینگز کا قبضہ ہے۔ ملک کے دارالحکومت پورٹ او پرنس کا 80فیصد حصہ ان گینگز کے کنٹرول میں ہے جہاں حکومت کی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔ گزشتہ ماہ ان گینگز کے کارندوں نے جیلوں پر حملہ کیا اور اپنے 4ہزار سے زائد ساتھیوں کو چھڑا لے گئے۔یہ گینگز اغواءبرائے تاوان کی وارداتوں کے لیے شہرت رکھتے ہیں اور معروف یوٹیوبر ایڈیسن پییئرمالوف نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں وہ بھی ہیٹی میں ایک گینگ کے ہاتھوں اغواءہو چکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایڈیسن نے اپنی ایک نئی یوٹیوب ویڈیو میں اپنے اغواءکی کہانی سناتے ہوئے ان گینگز کے متعلق چشم کشا انکشافات کیے ہیں۔ ایڈیسن بتاتا ہے کہ اسے گزشتہ ماہ اغواءکیا گیا اور اغواءکاروں نے 6لاکھ ڈالر تاوان مانگا۔ وہ ایک سہ پہر پورٹ او پرنس میں گھوم رہا تھا کہ بڑی بڑی بندوقوں کے ساتھ لوگ آئے اور اسے اٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔اس کی آنکھوں پر سیاہ پٹی باندھ دی گئی اور اسے ایک عارضی جیل میں منتقل کر دیا گیا۔ راستے میں گینگ کے لوگ ایک جگہ رکے اور ایک اور شخص کو بھی اغواءکیا۔ جیل میں انہیں ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ایڈیسن بتاتا ہے کہ جو شخص گینگ کے کارندوں کی بات نہیں مانتا تھا اسے قتل کر دیا جاتا تھا، چنانچہ اس عارضی جیل میں قید ہر شخص بلا تامل ان لوگوں کی بات ماننے پر مجبور ہوتا تھا۔ بالآخر اسے مذاکرات کے بعد کچھ رقم ادا کرنے پر رہا کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پورٹ او پرنس میں تمام گینگز نے ایک اتحاد بنا رکھا ہے اور اس اتحاد کا سربراہ معروف گینگسٹر جمی باربی کیو ہے۔ایڈیسن جمی باربی کیو کا انٹرویو کرنا چاہتا تھا اور اسی غرض سے پورٹ او پرنس گیا تھا۔ ایڈیسن بتاتا ہے کہ اسے کسی بھی آبادی سے ایک گھنٹے کی مسافت پر صحرا جیسے علاقے میں کنکریٹ سے بنی ایک جیل میں رکھا گیا تھا۔ ایڈیسن نے کہا ہے کہ وہ ایک اور ولاگ میں دوران قید اپنے ساتھ ہونے والے سلوک کے متعلق تفصیل سے بتائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں