گھر پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اداکار گپی گریوال نے سلمان خان سے دوستی کی تردید کردی

کینیڈا میں اپنے گھر پر فائرنگ کے بعد مشرقی پنجاب کے معروف گلوکار و اداکار گپی گریوال سامنے آ گئے اور اپنی سلمان خان کے ساتھ دوستی کی تردید کر دی، جو اس فائرنگ کا سبب بنی تھی۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق گپی گریوال کے کینیڈین شہر وینکوورمیں واقع گھر پر دو روز قبل ہونے والے حملے کی ذمہ داری بھارت کے گینگسٹر لارنس بشنوئی نے قبول کی تھی۔
لارنس بشنوئی بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو قتل کی دھمکی دے چکا ہے۔ سلمان خان نے ایک بار کالے ہرن کا شکار کیا تھا، جس پر ان کے خلاف میں مقدمہ بھی قائم کیاگیا۔ کالا ہرن بشنوئی قبیلے کے نزدیک مقدس جانور ہے۔ چنانچہ لارنس بشنوئی سلمان خان کی جان کے درپے ہو گیا۔مشرقی پنجاب کے آنجہانی گلوکار سدھوموسے والا کو بھی لارنس بشنوئی گینگ نے ہی قتل کیا تھا۔فیس بک پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے لارنس بشنوئی نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ ”چونکہ سلمان خان گپی گریوال کو اپنا بھائی مانتے ہیں۔ اس لیے یہ حملہ سلمان کے لیے پیغام ہے۔“بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں گپی گریوال نے کہا کہ ”میری سلمان خان کے ساتھ دوستی نہیں ہے۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ میرے ساتھ یہ واردات آخر کیوں ہوئی؟میری سلمان خان کے ساتھ صرف دو بار ملاقات ہوئی ہے۔ پہلی ملاقات فلم موجاں ای موجاں کا ٹریلر لانچ ہونے پر ہوئی تھی کیونکہ اس ایونٹ پر فلم کے پروڈیوسر نے سلمان خان کو مدعو کیا تھا۔“گپی گریوال نے کہا کہ ”میری سلمان خان کے ساتھ دوسری ملاقات ان کے رئیلٹی شو بگ باس کے سیٹ پر ہوئی تھی۔میری سلمان خان کے ساتھ دوستی نہیں ہے۔ پھر بھی ان کا غصہ مجھ پر نکالا جا رہا ہے۔ میں تو حملے کے بعد ابھی بھی صدمے میں ہوں۔میری تو کسی سے دشمنی ہی نہیں۔ “

اپنا تبصرہ بھیجیں