سشمیتا سین مس یونیورس فوٹو شوٹ کے دوران بے ہوش ہوگئی تھیں: ڈیزائنر کا انکشاف

بھارت کی نامور ڈیزائنر ریتو کمار نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ سشمیتا سین مس یونیورس فوٹو شوٹ کے دوران بے ہوش ہوگئی تھیں۔نجی ٹی وی کے مطابق سشمیتا سین نے 1994 میں مس یونیورس کا ٹائٹل جیتا تھا اور اسی سال ان کا تاج محل کے سامنے مشہور فوٹو شوٹ کیا گیا تھا جس کی ویڈیو ڈیزائنر ریتو کمار نے انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔ریتو نے اس یادگار ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ میں نے 1993 میں مس انڈیا مقابلے کی ٹیم کے ساتھ کپڑے ڈیزائن کرنے کا معاہدہ کیا اور 1994 میں سشمیتا سین نے مس انڈیا کا ٹائٹل جیتا اور اس کے بعد امریکا میں مس یونیورس کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔بھارتی ڈیزائنر نے لکھا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ تھا اور اس کا حصہ بن کر مجھے خوشی ہوئی۔ کیپشن میں ڈیزائنر نے کہا کہ مس انڈیا کی ٹیم کے ساتھ اپنے معاہدے کے بعد مجھے اس مقابلے کے امیدواروں کے لئے کپڑے تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی اس لئے جب سشمیتا سین مس یونیورس کے مقابلے کے لئے امریکا گئیں تو وہاں بھی ان کے لئے میں نے کپڑے ڈیزائین کرکے بھیجے۔ریتو کمار نے مزید لکھا کہ جب سشمیتا سین امریکا سے مس یونیورس کا ٹائٹل جیت کر واپس دہلی پہنچیں تو مجھے تاج محل پہنچنے کے لئے ایک فون آیا، وہاں پہنچنے پر مجھے معلوم ہوا کہ ٹیم نے اگلے دن تاج محل کے باہر ایک فوٹو شوٹ کا پروگرام بنایا ہے لیکن اس فوٹو شوٹ کے لئے جو کپڑے بھیجے گئے وہ تاج محل کے حساب سے مناسب نہیں تھے۔انہوں نے بتایا کہ تاج محل کے حساب سے کپڑوں کا انتخاب کرنے کے لئے ہمیں رات میں اپنا سٹور کھولنا پڑا اور پھر کچھ ہی گھنٹوں میں ہم نے کپڑوں کا انتخاب کرلیا۔بھارتی ڈیزائنر نے لکھا کہ یہ فوٹو شوٹ بہت مشکل تھا یہاں تک کہ سشمیتا سین اس دوران بے ہوش بھی ہو گئی تھیں لیکن آج بھی مجھے یہ یاد کرکے بہت خوشی ہوتی ہے کہ سشمیتا کو گلابی ساڑھی اور سر پر تاج پہنے ہوئے دیکھ کر وہاں ہمارے ارد گرد موجود پولیس اہلکار فخر سے تالیاں بجا رہے تھے،ہماری اتنی محنت سے مکمل کیا گیا فوٹو شوٹ ملک بھر کے اخبارات میں شائع ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں