ملک بھر میں ہیضے کے کیسز بڑھنے لگے، اب تک کتنی اموات ہو چکی ہیں؟ جانیے

ملک بھر میں ہیضے کے کیسز بڑھنے لگے، اب تک کتنی اموات ہو چکی ہیں؟ جانیے

اسلام آباد: ایک طرف ملک میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب ملک بھر میں ہیضے کے کیسز میں اضافے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں ۔عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس سال ہیضے سے اب تک 43 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد کا کہنا ہے کہ بارشوں کے مہینوں میں ہیضے کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے، عوام صاف پانی پئیں، صابن سے ہاتھ دھوئیں اور صفائی کا خیال رکھیں۔ ملک میں اب تک لیبارٹری سے تصدیق شدہ ہیضے کے 75 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمۂ صحت سندھ کے مطابق ہیضے سے سب سے زیادہ متاثر شہر کراچی ہے، کراچی کے پانی میں ہیضے اور ٹائیفائیڈ سمیت مختلف جراثیم اور وائرس پائے گئے ہیں، اب تک ہیضے کے 55 تصدیق شدہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ کراچی کے ضلع کورنگی کے علاوہ باقی 6 اضلاع سے ہیضے کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، شہر میں پچھلے 2 ماہ میں ہیضے سے کم از کم 4 ہلاکتیں ریکارڈ ہوئی ہیں۔ ماہرین صحت نے کہا کہ کراچی میں سیوریج ملا پانی ہیضے کے پھیلاؤ کا سب سے بڑا سبب ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں