پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو 9 مئی کے واقعات میں مزید 6 مقدمات میں نامزد کر دیا گیا ہے ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو دہشتگردی ایکٹ کے تحت 6 مقدمات میں نامزد کیاگیا ہے، ان کےخلاف 3 مقدمات 9 اور 3 دس مئی کو درج کیے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو فیصل آباد اور راولپنڈی میں درج دو دو مقدمات میں نامزد کیاگیا، گوجرانوالا اور میانوالی میں بھی درج ایک ایک مقدمے نامزد کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان فیصل آباد میں تھانہ سول لائنز اور سمن آباد، راولپنڈی میں تھانہ آر اے بازار اور نیوٹاؤن جبکہ میانوالی میں تھانہ سٹی اور گوجرانوالا میں تھانہ کینٹ میں درج مقدمات میں نامزد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے بیانات کی روشنی میں نامزد کیا گیا ہے اور تمام مقدمات تھانوں کے پولیس افسران کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں۔