نگران وزیراعظم کے لیے اسحاق ڈار کے نام پر پیپلز پارٹی کی جانب سے مخالفت جاری ہے، شیری رحمان کا کہنا ہےکہ نگران حکومت کے لیے غیرجانبداری ایک لازمی ضرورت ہے، نگران وزیراعظم بنانے پر پیپلز پارٹی سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ہم سے کوئی نام شیئر نہیں کیا گیا، پیپلزپارٹی غیرجانبدار نگران حکومت کے قیام کو ترجیح دیتی ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی بروقت انتخابات کے حق میں ہے، پیپلزپارٹی صاف اور شفاف انتخابات میں یقین رکھتی ہے، نگران وزیراعظم کا نام ضرور فائنل ہوگا مگر ابھی مزید کچھ وقت درکار ہے۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ جس نے بھی اسحاق ڈار کو نگران وزیراعظم بنانےکی تجویز دی اس نے ٹھیک بات نہیں کی۔مزید کہا کہ اسحاق ڈار نے نگران وزیراعظم بننےکی خواہش کا اظہار کبھی نہیں کیا، ہمارے کسی اجلاس میں بھی اس پر بات نہیں ہوئی، ہمیں موقع نہیں دینا چاہیے کہ لوگ ہماری طرف انگلیاں اٹھائیں، میں نے جو بات کی وہ کسی کے کہنے پر نہیں کی۔