راولپنڈی : جنرل سید عامر رضا نے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔تفصیلات کے مطابق جنرل سید عامر رضا نے باقاعدہ طور پر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ سنبھال لیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بیان میں کہا کہ نئے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے موقع پر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کو جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔جنرل سید عامر رضا نے جی ایچ کیو میں یادگارِ شہدا پر حاضری دی، وہاں پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدائے وطن کے بلندیِ درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔عہدہ سنبھالنے کے بعد کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل سید عامر رضا سے ملاقات کے دوران انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی نئی اور انتہائی اہم ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں پیشہ ورانہ امور اور اسٹریٹجک کمانڈ کی آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
