پاکستان میں ہیپاٹائٹس کی صورتحال تشویشناک، ایک کروڑ 29 لاکھ افراد متاثر: عالمی ادارہ صحت

لاہور:(ویب ڈیسک)عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں لاکھوں افراد ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں، جبکہ اس بیماری کے باعث ہر سال ہزاروں اموات ہو رہی ہیں۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق پاکستان میں تقریباً ایک کروڑ 29 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہیں، جن میں ہیپاٹائٹس سی کے 91 لاکھ جبکہ ہیپاٹائٹس بی کے 38 لاکھ مریض شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں ہیپاٹائٹس سی کے کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ ملک میں ہر سال 48 ہزار سے زائد افراد اس بیماری کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، جبکہ اوسطاً ہر 11 منٹ بعد ایک شخص ہیپاٹائٹس کے سبب زندگی کی بازی ہار جاتا ہے۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق ہیپاٹائٹس کے ہر 10 مریضوں میں سے صرف 3 افراد کو علاج کی سہولت حاصل ہو پاتی ہے، جبکہ بڑی تعداد میں متاثرہ افراد تشخیص اور علاج سے محروم ہیں۔عالمی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ غیر محفوظ انجیکشنز کا استعمال اور خون کی غیر محفوظ منتقلی ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2024 میں پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے 88 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔ڈبلیو ایچ او نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ 2030 تک ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے عالمی ہدف کے حصول کے لیے حفاظتی اقدامات، بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے۔حکومت پاکستان کی جانب سے بھی قومی پروگرام کے تحت ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں

one × 5 =