سرکاری لوگ آئے تھے اور پوچھ رہے تھے کہ آپ کا کتنا رقبہ ہے، گھر میں کتنے کمرے ہیں۔ یہ گھر کس کے نام پر ہے، یہاں کتنے لوگ رہتے ہیں۔‘یہ کہنا ہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ کے علاقے حکیم کالونی کے رہائشی قاسم جبہ کا جنھیں اپنے اس چار مرلے کے گھر سے محروم ہونے کا خدشہ ہے جہاں وہ 20 سال سے مقیم ہیں۔چنیوٹ کے اس علاقے کے باقی رہائشی بھی ان دنوں ایسی ہی تشویش میں مبتلا ہیں جس کی وجہ مقامی انتظامیہ کے اہلکاروں کی جانب سے ان علاقوں میں کیا جانے والا حالیہ سروے اور علاقے کے رہائشیوں سے ملکیت سے متعلق سوالات ہیں جس کی تصدیق متعدد افراد نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کی ہے۔قاسم جبہ کا کہنا تھا کہ جب انھوں نے گھر آنے والے سرکاری اہلکاروں سے پوچھا کہ وہ یہ معلومات کیوں لے رہے ہیں تو ’اُنھوں نے بتایا کہ اس علاقے میں سٹیل مل بننی ہے جس کے لیے سروے کیا جا رہا ہے۔‘یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب چنیوٹ میں سٹیل مل لگانے کی بات سامنے آئی ہو۔ سنہ 2015 میں اُس وقت مسلم لیگ ن کی حکومت نے چنیوٹ میں لوہے اور تانبے کے ذخائر دریافت ہونے کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد اُس وقت کے وزیرِاعظم نواز شریف نے سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند اور دیگر حکام کے ہمراہ چنیوٹ کے علاقے رجوعہ کا دورہ کیا اور یہاں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی تھی۔حالیہ چند روز سے اس علاقے میں سروے کا کام تیزی سے جاری ہے اور مقامی انتظامیہ کے لوگ گھر گھر جا کر لوگوں سے اُن کی اراضی اور مکانات سے متعلق تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔اس منصوبے پر کام کرنے والی پنجاب منرل کمپنی (پی ایم سی) کے ایک افسر نے سٹیل مل کے لیے سروے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے مقامی لوگوں کے تحفظات دُور کیے جائیں گے۔یہ سروے کیوں کیا جا رہا ہے اور کون کون سے علاقے متاثر ہو سکتے ہیں؟ سٹیل مل کا یہ منصوبہ ہے کیا اور مقامی لوگوں کو اس سے کیا تحفظات ہیں، بی بی سی نے اس بارے میں مقامی افراد اور حکام سے بات کی ہے۔
