لاہور : کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی شالیمار ایکسپریس کی بندش سے متعلق اہم خبر سامنے آئی ہے۔پاکستان ریلوے میں پنجاب میں حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث ریلوے پُل کو پہنچنے والے نقصان کے باعث لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی پریمیم ٹرین سروس شالیمار ایکسپریس کا آپریشن ایک ماہ کے لیے معطل کر دیا ہے۔شالیمار ایکسپریس لاہور اور کراچی کے درمیان فیصل آباد کے راستے چلتی ہے۔ تاہم قلعہ ستار شاہ، مِسان کلر ریلوے پل سیلابی پانی سے متاثر ہونے کے بعد لاہور اور فیصل آباد کے درمیان ٹرین آپریشن دو روز قبل روک دیا گیا ہے۔شالیمار ایکسپریس پاکستان ریلویز کی پریمیم ٹرین سروسز میں سے ایک ہے۔اس کے علاوہ ایک اور بڑی ٹرین سروس قراقرم ایکسپریس کا روٹ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔یہ ٹرین جو پہلے لاہور سے کراچی براستہ فیصل آباد جاتی تھی، متاثرہ حصے میں رکاوٹ کے باعث اب ساہیوال سے چلائی جائے گی۔
