بجلی کے بلوں کی قسطیں ہوں گی یا نہیں ؟ فیصلہ آئی ایم ایف کرے گا

بجلی کے بلوں کی قسطیں ہوں گی یا نہیں ؟ فیصلہ آئی ایم ایف کرے گا

نگران وفاقی کابینہ نے بجلی کے بلوں کی قسطوں کا معاملہ آئی ایم ایف کی منظوری سے مشروط کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بجلی کے بلوں کا معاملہ زیر غور آیا، اجلاس کے دوران پاورڈیژن کے حکام کی جانب سے بلوں سے متعلق مختلف تجاویز پیش کی گئیں، تجاویز پر بحث کے بعد نگران کابینہ نے جولائی اور اگست کے بل قسطوں میں وصول کرنے کی منظوری دے دی تاہم اس منظوری کو آئی ایم ایف کی رضامندی سے مشروط کردیا گیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ بل قسطوں میں لینے کا حتمی فیصلہ آئی ایم ایف سے منظوری کے بعد نافذ العمل ہوگا۔دوسری جانب نگران کابینہ نے اس اہم نکتے پر بھی غور کیا کہ واپڈا، ڈسکوز ، جنکوز اور این ٹی ڈی سی ملازمین کو مفت بجلی کی سہولت ختم کر دی جائے تاہم متعلقہ وزارت اور افسران کی جانب سے مختلف آراء دی گئیں جس کے سبب اس تجویز پر کوئی فیصلہ نہ کیا جا سکا۔ بتایا گیا ہے کہ بجلی بلوں میں ریلیف سے متعلق کابینہ کی جانب سے ہدایات جاری کی گئیں جن کے تحت طریقہ کار طے کیا جائے گا۔ کابینہ کی توانائی ڈویژن کو ریلیف سے متعلق طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت دی گئی۔نگران کابینہ نے اسلام آباد ایئرپورٹ کی آوٹ سورسنگ کا معاملہ سٹیئرنگ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں