باجوہ کی توسیع کی حمایت (ن) لیگ کا عمران خان کیخلاف سیاسی حربہ تھا، رانا ثنا اللہ

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے تحریک انصاف کے سیاسی حملوں سے نمٹنے کے لیے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی حمایت کی تھی۔نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ فیصلے اس وقت کے تقاضوں کے مطابق تھے اور یہ (جنرل باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع) ایک ایسا ہی فیصلہ تھا۔ رانا ثنا اللہ نے 2020 میں جنرل باجوہ کی توسیع کی حمایت کرنے کے فیصلے کو پارٹی کی حکمت عملی قرار دیا۔واضح رہے کہ رانا ثنا اللہ کی جانب سے محض 2روز میں سابق فوجی قیادت پر مسلسل دوسری مرتبہ عوامی سطح پر مذمتی بیان سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے سابق جرنیلوں باجوہ اور فیض حمید کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، انہیں “قومی مجرم” قرار دیا اور ان کے خلاف تعزیری اقدامات کا مطالبہ کیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ ’’جس طرح مسلم لیگ (ن) نے جنرل مشرف کو انصاف کے کٹہرے میں لایا، وہ (دونوں) کے ساتھ بھی ایسا ہی کرے گی۔‘‘

اپنا تبصرہ بھیجیں