اسلام آباد : جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم چار میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہے۔سٹار ایشانیوز کے مطابق جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم چار میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان سپورٹس بورڈ اور بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کے حکام نے مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔جنوبی کوریا کا وفد 24 کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل ہے جو اپنے دورہ پاکستان کے دوران قومی ٹیم کے خلاف چار میچوں کی سیریز میں حصہ لے گا۔ تمام میچز اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔شیڈول کے مطابق سیریز کا پہلا میچ 30 جولائی، دوسرا یکم اگست، تیسرا 4 اگست جبکہ چوتھا اور آخری میچ 7 اگست کو ہوگا۔جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم کے دورہ پاکستان میں خصوصی تربیتی کیمپ بھی شامل ہیں۔ اس دورے کا مقصد دونوں ٹیموں کے درمیان تیکنیکی مہارت اور کھیل کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔
