اسلام آباد: (سٹارایشیانیوز) ملک بھر کے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ حکومت نے مسلسل اضافوں کے بعد پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے 3 اگست تک ہوگا۔روزانہ قیمتوں کے تعین کے نئے نظام کے تحت پٹرول 12 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 66 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے۔ اوگرا کے مطابق پٹرول کی قیمت 336 روپے 15 پیسے سے کم ہو کر 336 روپے 3 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 393 روپے 4 پیسے سے کم ہو کر 392 روپے 38 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔ یہ قیمتیں آئندہ تین روز تک نافذ العمل رہیں گی۔وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ تعین گزشتہ سات روز کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی اوسط قیمتوں کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے، تاکہ بین الاقوامی قیمتوں میں آنے والی تبدیلیوں کا براہ راست اثر صارفین تک فوری پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا اور عالمی معیار کے مطابق قیمتوں کا تعین یقینی بنانا ہے۔حکومت نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث حال ہی میں روزانہ پٹرولیم قیمتوں کے تعین کا نظام نافذ کیا تھا۔ اس سے قبل قیمتوں کا جائزہ ہر پندرہ روز بعد لیا جاتا تھا، بعد ازاں اسے ہفتہ وار اور اب روزانہ کی بنیاد پر منتقل کر دیا گیا ہے۔کابینہ سے منظور شدہ نئے فریم ورک کے تحت اوگرا گزشتہ سات روز کی عالمی اوسط قیمتوں کی بنیاد پر روزانہ ایکس ڈپو قیمتیں جاری کرے گا اور اس کے لیے وزیراعظم یا وفاقی حکومت سے پیشگی منظوری کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تاہم جمعہ کو جاری کی جانے والی قیمتیں ہفتہ اور اتوار کو بھی برقرار رہیں گی۔ نئی پالیسی کے مطابق مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں بھی روزانہ کی بنیاد پر مقرر کی جائیں گی۔
