بڑی کاروباری کمپنی ایس کے گروپ کے چیئرمین کو جنوبی کوریا کی ایک عدالت نے اپنی سابقہ اہلیہ روہ سو ہیونگ کو 944 ارب وون (483 ملین پاؤنڈ؛ 644 ملین ڈالر، تقریباً 179 ارب پاکستانی روپے) ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے اس مقدمے کو ’صدی کی سب سے مہنگی طلاق‘ قرار دیا ہے۔
یہ رقم، جس کی ابھی حتمی منظوری ہونا باقی ہے، اس ابتدائی 1.38 کھرب وون سے کم ہے جو 2024 میں چیئرمین چے تے وون کو روہ سو ہیونگ کو ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
یہ فیصلہ ان کی شادی ٹوٹنے کے ایک دہائی سے زیادہ عرصے بعد سامنے آیا ہے۔
روہ سو ہیونگ، ایک سابق صدر کی بیٹی ہیں اور ان کی شادی اس انکشاف کے بعد ٹوٹ گئی تھی کہ چے تے وون ایک دوسری خاتون سے بچے کے والد بن چکے تھے۔
ایس کے گروپ، ایس کے ہائنکس کی مالک ہے۔ یہ سیمی کنڈکٹر کی بڑی کمپنی این ویڈیا کو چپس فراہم کرتی ہے اور حال ہی میں امریکی سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ ساز آغاز کر چکی ہے۔
