ڈرامہ سیریل’حادثہ‘ پر پابندی لگ گئی، یاسرحسین ڈرامہ پروڈیوسر کے دفاع میں آگے آگئے

ڈرامہ سیریل’حادثہ‘ پر پابندی لگ گئی، یاسرحسین ڈرامہ پروڈیوسر کے دفاع میں آگے آگئے

متنازعہ ڈرامہ سیریل ”حادثہ“ پر پیمرا کی طرف سے پابندی عائد ہونے کے بعد اداکار یاسر حسین ڈرامے کے پروڈیوسرز کے دفاع میں آگے آ گئے۔نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق یاسر حسین نے اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ڈرامہ حادثہ کے پروڈیوسرز وجاہت رﺅف اور شازیہ وجاہت میرے پرانے دوست ہیں اور میں یہ بات دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ وہ ریٹنگ کے لیے کام نہیں کرتے۔یہ دل والے لوگ ہیں، دل آزاری کرنے والے نہیں ہیں۔یاسر حسین اپنی پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ”مہنگائی کے اس دور میں کسی کی محنت پر پانی پھیرنا ٹھیک نہیں ہے۔ میرے خیال میں ڈرامہ لکھ کر پیمرا سے منظور کرانا زیادہ بہتر ہو گا، بجائے اس کے کہ ڈرامہ بننے کے بعد اس پر پابندی عائد کر دی جائے۔“ واضح رہے کہ ڈرامہ ’حادثہ‘ کی کہانی 2020ءمیں لاہور کے قریب موٹروے پر اغواءو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون کی کہانی سے بہت مماثلت رکھتی ہے۔متاثرہ خاتون کی طرف سے صحافی فریحہ ادریس کو فون کرکے اس ڈرامے کے نشر ہونے پر شدید دکھ کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے فریحہ ادریس سے کہا تھا کہ ”میں اس واقعے کو بھولنا چاہتی ہوں لیکن اس ڈرامے نے میری تکلیف تازہ کر دی ہے۔ میرے ساتھ ہونے والی بربریت کو ٹی وی پر دکھائے جانے سے پہلے میں مر جاتی تو بہتر ہوتا۔“فریحہ ادریس سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ خاتون نے ڈرامہ ’حادثہ‘ پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں