نامور امریکی ماڈل جی جی حدید کو ان کے سامان میں سے ممنوعہ نشہ آور اشیاء ملنے پر گزشتہ دنوں گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہوں نے عدالت میں اعتراف جرم بھی کرلیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 10 جولائی کو پیش آیا، جی جی اپنی سہیلی کے ہمراہ چھٹیاں منانے کیمن جزائر پہنچی تھیں، انہوں نے جب ذاتی جہاز میں اوون رابرٹس انٹرنیشل ائیر پورٹ پر لینڈ کیا تو کسٹمز کے حکام نے ان کے سامان کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران ان کے سامان سے گانجا اور بھنگ ملی جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
حکام نے جی جی حدید سمیت ان کی دوست کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں ایک خفیہ مقام پر لے جایا گیا جہاں ان دونوں سے تفتیش ہوئی۔ بعدازاں جی جی اور ان کی دوست کو 12 جولائی کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں انہوں نے اعتراف جرم کیا تھا عدالت نے دونوں پر ایک، ایک ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا اور انہیں ضمانت پر رہائی مل گئی۔