ترکیہ اور امارات میں 50.7 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے 13 معاہدے

ترک کمیونیکیشن ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ ترکیہ اور متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) نے 50.7 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے کل 13 معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک ایک اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کونسل کے قیام کے لیے ایک معاہدے پر پہنچ گئے ہیں جس کی صدارت ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے صدور کریں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے توانائی، نقل و حمل، انفراسٹرکچر، لاجسٹکس، ای کامرس، فنانس، صحت، خوراک، سیاحت، رئیل اسٹیٹ، تعمیرات، دفاعی صنعت، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں موجودہ تعاون کو آگے بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا۔

ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ ان کا ملک اس بات کو یقینی بنائے گا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کونسل کے طریقہ کار کے ذریعے باقاعدگی سے اعلیٰ سطح پر حل کیا جائے۔ ترک صدر کا یہ بیان اس وقت آیا جب انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے ساتھ ابوظہبی کے الوطن محل میں وفود کی سطح پر بات چیت کی۔

متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر اردگان نے کہا کہ ترکیہ کا مقصد متحدہ عرب امارات کے ساتھ سرمایہ کاری کے فروغ، سیکورٹی، قابل تجدید توانائی اور نقل و حمل کے شعبوں میں قانونی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا ہے۔ اردگان نے کہا کہ 25 تا 28 جولائی کو استنبول میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی دفاعی صنعتی میلے (IDEF) سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید آگے بڑھے گا، انہوں نے ابوظہبی بین الاقوامی کتاب میلے میں بطور “مہمان خصوصی” مدعو کیے جانے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر محمد بن زید نے اردگان کو یو اے ای کی اعلیٰ ترین سول ڈیکوریشن آرڈر آف زید سے بھی نوازا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں