ویگنر کی حمایت کا الزام، مالی کے وزیر دفاع اور فوجی حکام پر امریکی پابندیاں عائد

امریکا کی جانب سے ویگنر گروپ کی مدد کرنے کے الزامات پر مالی کے وزیر دفاع اور دو فوجی حکام کے خلاف پابندیاں عائد کر دی گئیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پیر کے روز اعلان کیا کہ پابندیوں کا ہدف مالی کے وزیر دفاع کرنل ساڈیو کمارا، ایئر فورس کے چیف آف اسٹاف کرنل الو بوئی دیارا اور ڈپٹی چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ کرنل اداما باگایوکو ہیں۔

بلنکن نے تینوں پر الزام لگایا کہ وہ دسمبر 2021 سے مالی میں ویگنر کی موجودگی کو آسان بنانے اور اسے بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور جب سے روسی کرائے کے فوجیوں کی مالی میں تعیناتی ہوئی ہے تب سے شہریوں کی ہلاکتوں میں 278 فیصد اضافہ ہوا ہے۔بلنکن نے کہا کہ ان میں سے بہت سی اموات مالی کی مسلح افواج کی طرف سے ویگنر گروپ کے ارکان کے ساتھ مل کر کی گئی کارروائیوں کا نتیجہ تھیں۔

ایک الگ بیان میں امریکی محکمہ خزانہ کے اہلکار برائن نیلسن نے بھی کہا کہ مالی کے حکام نے گزشتہ دو سالوں میں ملک کے اندر ویگنر گروپ کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ نیلسن کا کہنا کہ ان اہلکاروں نے اپنے لوگوں کو ویگنر گروپ کی غیر مستحکم سرگرمیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا شکار بنایا ہے جبکہ یوکرین میں ویگنر گروپ کی کارروائیوں کے فائدے کے لیے اپنے ملک کے خودمختار وسائل کے استحصال کی راہ ہموار کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں