آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر ملنے کا امکان، حکومت نے تیاری شروع کردی

اسلام آباد: پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کی ممکنہ وصولی کے لیے حکومت نے تیاری شروع کردی.پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے درمیان 1.2 ارب ڈالرکی اگلی قسط کے لیے اقتصادی جائزہ پر مذاکرات آئندہ ماہ(ستمبر)ہوں گے، جس کے لیے آئی ایم ایف وفد آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وزارت خزانہ نے تمام متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کو آئی ایم ایف کے ساتھ اگلی قسط کےلیے طے شدہ شرائط اور اسٹرکچرل بنچ مارکس پر عملدرآمد کے حوالے سے تیاری کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ذرائع کا کا کہنا ہے کہ اگلے اقتصادی جائزہ پر پاکستان کی اقتصادی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کے لیے آئی ایم ایف کا وفد آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا، جس میں جائزہ مشن کے ساتھ 7 ارب ڈالر کے ای ایف ایف پروگرام کی اگلی قسط کے لیے مذاکرات ہوں گے۔مذاکرات کامیاب ہونے پر آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے اقتصادی جائزہ کی منظوری کے ساتھ ہی پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط موصول ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی معاشی ٹیم اورآئی ایم ایف جائزہ مشن کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والے مذاکرات میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق آر ایس ایف پروگرام میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور اس حوالے سے متعلقہ وزارتوں کو آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے تیاری کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف جائزہ مشن کونئے بجٹ پر عمل درآمد میں پیشرفت سے بھی آٓگاہ کیاجائے گا اور اسٹرکچرل اصلاحات کے اہداف پر بجلی، گیس سیکٹرمیں گردشی قرضے کی روک تھام پر بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ نجکاری پروگرام میں پیشرفت،زرمبادلہ ذخائر میں اضافے، پالیسی ریٹ اورمہنگائی کے اثرات سے آگاہ کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 ارب ڈالر کے ایکسٹنڈد فنڈ فسیلیٹیپروگرام(ای ایف ایف) کی پانچویں قسط کی مد میں پاکستان کو ایک ارب ڈالرملنے کا امکان ہے جبکہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے آئی ایم ایف سے 20 کروڑ ڈالر کی نئی قسط ملنے کی توقع ہے.پاکستان کو دونوں پروگرامز کے تحت اب تک 4 ارب 80 کروڑ ڈالرمل چکے جب کہ اگلے سال ستمبر تک پاکستان کو مزید 3 ارب ڈالر سے زائد ملنے کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام آن ٹریک ہے ۔ آئی ایم ایف کے ساتھ طے کردہ تمام اسٹرکچرل بنچ مارکس اور پیشگی اقدامات کے اہداف میں سے بیشتر حاصل کرلیے گئے ہیں اور کچھ پر پیشرفت جاری ہے ۔توقع ہے کہ اقتصادی جائزہ پر مذاکرات سے قبل تمام شرائط پوری کردی جائیں گی ۔ معاشی ٹیم پر امید ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اگلا اقتصادی جائزہ بھی کامیابی سے مکمل ہوجائے گا اور پاکستان اپنا یہ پروگرام کامیابی سے مکمل کرلے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں

5 × three =