سعودی عرب جانے کے لیے تیار بھکاریوں کا گروپ لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا

عمرے کی آڑ میں سعودی عرب جانے کے لیے تیار بھکاریوں کا گروپ لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے ایک کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جانے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جن میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔ملزمان کو ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ائرپورٹ پر آف لوڈ کر کے پولیس کے حوالے کیا۔ گرفتار ملزمان بھیک مانگنے کے لیے متعدد بار سعودی عرب، ایران اور عراق جا چکے ہیں۔ ملزمان کو سعودی عرب پہنچنے پر پاکستانی ایجنٹوں نے وصول کرنا تھا۔دوران تفتیش ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ بھیک کے ذریعے کمائی گئی رقم کا آدھا حصہ ان کے سب ایجنٹ کو دینا تھا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان اور ایجنٹوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں