پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن کی فراہمی بند ,متعدد پروازیں منسوخ،مسافر رل گئے

پی ایس او نے ایک بار پھر پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن کی فراہمی بند کر دی۔ پی ایس او نے یومیہ ادائیگی نہ ہونے پر پاکستان ائیرلائنز کو ایندھن کی سپلائی بند کی ، پی آئی اے پر پی ایس او کے 26 ارب روپے کے واجبات ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایندھن نہ ملنے سے پی آئی اے کی اندرون اور بیرون ملک متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں۔ پی آئی اے کی کراچی،لاہور اور اسلام آباد سے 20 پروازیں منسوخ ہوگئیں جبکہ پی آئی اے کی کراچی سے دبئی کی پرواز پی کے 215 تاخیر کا شکار ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے لاہورکی پرواز پی کے 306، کراچی سے پشاور جانے والی پرواز پی کے 350، کراچی سے گوادر اور کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 370 بھی منسوخ ہے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سےکوئٹہ کی پرواز 310 اور کراچی سے رحیم یارخان کی پرواز بھی منسوخ کردی گئی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ دنوں واجبات کی عدم ادائیگی پر پی ایس او نے پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن کی فراہمی بند کردی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں