صرف مہینہ بتانا کافی نہیں، الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے، پیپلزپارٹی کا مطالبہ

پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی کاکہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے نہ ہی الیکشن شیڈول دیا گیا نہ تاریخ کا اعلان کیا گیا، صرف جنوری کا مہینہ بتانا کافی نہیں ہے۔میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کی خواہش و مشاورت کا احترام کرتے ہوئے 90 روز کے اندر الیکشن پر اتفاق کیا مگر اس آئینی تقاضے کو پورا نہیں کیا جا رہا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے یہ اصولی مؤقف رہا ہے کہ آئین کے مطابق انتخابات کروائے جائیں، ہم نے 60 روز میں الیکشن کروانے پر بھی آمادگی ظاہر کی، الیکشن شیڈول اور اس کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان ہی آئینی طریقہ کار کا حصہ ہے۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نگران سیٹ اپ میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، تعیناتیاں بھی ہو رہی ہیں، ہم عوامی حقوق کے امور کی مخالفت نہیں کرتے مگر سندھ میں ترقیاتی کام بند کرنا ناانصافی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں