ہنر مند افراد کو بیرون ملک بھیجنے سے تجارتی خسارہ کم ہوسکتا ہے: وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت ختم ہونے میں ایک مہینہ رہ گیا ہے، تجارتی خسارے کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے، اگر ہنر مند لوگوں کو بیرون ملک بھیجیں گے تو پاکستان کا تجارتی خسارہ کم ہوجائے گا۔ شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور نوجوانوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے؟‌ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شعبہ تعلیم میں اصلاحات کیلئے کوششیں جاری ہیں، نوجوانوں کو ہنر مند بنانا موجودہ وقت کی کامیابی کی کنجی ہے، سکل ڈویلپمنٹ ہماری ترجیح ہونی چاہیے، تعلیم کسی خاص طبقے کا نہیں سب کا حق ہے، گزشتہ ادوار میں 4 لاکھ 50 ہزار طلبا کو میرٹ پر وظائف دیئے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث افتخار ہے، نوازشریف نے اس ادارے کی ابتدا کی، پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے دور میں ووکیشنل ٹریننگ پر توجہ دی، 1997 میں بھی ہنر سیکھنے اور سکھانے کے منصوبوں پر کام کیا، البتہ کسی بھی کام کو شروع کرنے کے لئے وسائل درکار ہوتے ہیں۔؟ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تعلیم کسی بھی میدان میں ہو ایک ہنر ہے، قوموں کو ترقی کی دوڑ میں آگے لے جانے کیلئے فنی تعلیم کامیابی کی ضمانت ہے، مجھے یقین ہے یونیورسٹی انتظامیہ ادارے کو آگے لیکر جائے گی، ہنر کسی بھی میدان میں بہترین ہتھیار کا کام کرتا ہے، لہٰذا امید ہے ہنرمند نوجوان دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوموں کی ترقی کے لئے ٹیکنیکل ایجوکیشن ضروری ہے، 2008 میں پنجاب انڈوومنٹ فنڈ بنایا، پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کیلئے بجٹ سے 2 ارب روپے سالانہ مختص کئے، غریب بچوں کی معیاری تعلیم کے لئے دانش سکول بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترقی کرنی ہے تو منفی باتوں کو پاؤں کی زنجیر نہیں بنانا بلکہ حل نکالنا ہوگا، امیر اور غریب کے درمیان تعلیمی میدانوں میں تفریق نہیں ہونی چاہیے، 75 سال میں جو عادتیں پڑ گئی ہیں ان بتوں کو توڑنا آسان نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں