ملزم سنجے رائے کی ہسپتال سے پہلی فوٹیج سامنے آگئی ،کلکتہ ڈاکٹر زیادتی کیس

بھارتی میڈیا پر کلکتہ ریپ کیس کے مرکزی ملزم سنجے رائے کی ہسپتال میں داخلے کی پہلی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔ 9 اگست کو کلکتہ کے ہسپتال سے وابستہ ایک ٹرینی خاتون ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، 31 سالہ لیڈی ڈاکٹر کی لاش کلکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج کے کمرے سے ملی تھی اور پوسٹ مارٹم میں خاتون ڈاکٹر سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا کو موصول فوٹیج میں سنجے رائے کو 9 اگست کی رات 4 بج کر 3 منٹ پر میڈیکل فیسیلیٹی میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ پہلی فوٹیج ہے جو ملزم سنجے رائے کو قتل سے براہ راست جوڑتی ہے، اس میں سنجے رائے کو جینز اور ٹی شرٹ پہنے دیکھا گیا جبکہ اس کے ہاتھ میں ہیلمٹ ہے۔بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ یہ ہیلمٹ خاص طور پر کلکتہ پولیس کے اہلکاروں کو جاری کردہ یونیفارم کا حصہ ہے۔فوٹیج میں سنجے رائے کے گلے میں بلیوٹوتھ ڈیوائس بھی دکھائی دی اور یہ وہی ڈیوائس ہے جسے بعد میں پولیس نے جائے وقوعہ سے برآمد کیا تھا اور اب جاری تفتیش میں یہی ڈیوائس ایک اہم ثبوت ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ملزم کی فارنزک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ملزم سنجے رائے نے تاحال اپنے گناہ پر ملامت نہیں کی اور بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ہر منٹ کی تفصیل دیتے ہوئے پورا واقعہ بیان کیا۔رپورٹ کے مطابق ایسا لگتا ہے جیسے ملزم کو کوئی پچھتاوا نہیں، پولیس کو سنجے رائے کے ضبط شدہ موبائل فون سے فحش مواد ملاہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم پورنوگرافی کا عادی اور حیوانی خصلت رکھتا ہے جسے اپنے جرم پر کوئی پچھتاوا نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں