تدفین کے 6دن بعد ’مردہ‘ گھر پہنچ گیا

بھارت میں ایک آدمی اپنی تدفین کے 6دن بعد زندہ واپس آ گیاجسے دیکھ کر اہلخانہ بھی دنگ رہ گئے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست کیرالہ کے ضلع پتھانامتھیٹا میں پیش آیا جہاں 70سالہ رمن بابو کو 31دسمبر کے روز انتقال کرجانے پر دفن کر دیا گیا تاہم 6دن بعد رمن بابو قریبی جنگل میں زخمی حالت میں زندہ واپس مل گیا۔ اب پولیس کو اس شخص کی شناخت کا مرحلہ درپیش ہے جس کو چھ دن قبل رمن بابو سمجھ کر دفن کردیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ جس آدمی کو دفن کیا گیا تھا اسے قریبی جنگل میں ایک ہاتھی نے حملہ کرکے ہلاک کر دیا تھا۔ اس کی شناخت رمن بابو کے نام سے ہوئی۔ اس کے بچوں اور خاندان کے دیگر لوگوں نے بھی اس کی شناخت کی جس کے بعد اس کی تدفین کر دی گئی۔تاہم چھ دن بعد اصلی رمن بابو جنگل سے واپس آ گیا۔ پولیس کے مطابق اصلی رمن بابو کی بھی بچوں اور فیملی نے تصدیق کر دی ہے اور پولیس نے بھی اس سے تفتیش کی ہے، جس میں ثابت ہوا ہے کہ وہ رمن بابو ہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رمن بابو کو جنگل میں آوارہ گھومنے کا شوق ہے اور کئی کئی دن جنگل میں ہی رہتا ہے۔ یہ تمام دن بھی اس نے جنگل میں ہی گزارے۔ اسی دوران اس کے کسی ہم شکل کی لاش مل گئی، جسے رمن بابو سمجھ کر دفن کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق دفن کیے گئے شخص کی شناخت کے لیے قبر کشائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں