معروف اداکار کوبھی گھڑی لےڈوبی

ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سابق گورنر آرنلڈ شیوارزنیگر کو جرمنی میں حراست میں لے لیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آرنلڈ شیوارزنیگر کو جرمنی کے میونخ ایئر پورٹ پر مبینہ ٹیکس چوری کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔جرمن میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اداکار کے بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے ایک قیمتی سوئس گھڑی برآمد ہوئی جس کی قیمت تقریباً 26 ہزار یورو بتائی جا رہی ہے۔اس گھڑی کی وجہ سے انہیں ایئر پورٹ پر چند گھنٹوں کے لیے حراست میں رکھا گیا کیونکہ اداکار نے جرمنی پہنچنے سے قبل اپنے اثاثوں میں قیمتی گھڑی ظاہر نہیں کی تھی۔اداکار کے مطابق وہ مذکورہ گھڑی کو آسٹریا میں ماحولیات سے متعلق منعقد ہونے والی ایک تقریب میں عطیہ کرنا چاہتے ہیں۔آرنلڈ شیوارزنیگر کی وضاحت کے باوجود ایئر پورٹ حکام نے ان پر 4 ہزار یورو ٹیکس سمیت 35 ہزار یورو کا جرمانہ عائد کیا اور انہیں جرمانے کی رقم کی ادائیگی کے لیے کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔جرمانہ ادا کرنے کے بعد اداکار کو جانے کی اجازت مل گئی، اس کارروائی میں 3 گھنٹے لگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں