سعودی عرب میں مقیم لوگوں کے لیے پرمٹ کے بغیر حج کرنا ممنوع قرار دے دیا گیا

سعودی عرب کی اعلیٰ علماء کمیٹی نے سعودی عرب میں مقیم لوگوں کے لیے پرمٹ کے بغیر حج کرنا ممنوع قرار دے دیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق اعلیٰ علماء کمیٹی نے کہا ہے کہ داخلی عازمین کے لیے حج پرمٹ حاصل کرنا شرعی تقاضا ہے۔ کمیٹی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’حج پرمٹ کی پابندی کا مقصدانتظامات کو بہتر بنانا ہے جو اضافی لوگوں کی وجہ سے ممکن نہیں ہو سکتا۔ حج انتظامیہ کی طرف سے تمام امور عازمین کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے سرانجام دیئے جاتے ہیں۔ حج پرمٹ کا حصول دراصل ارباب حکومت کی اطاعت ہے جو کہ لازمی ہے۔‘‘علماء کمیٹی کا کہنا تھا کہ ’’ پرمٹ کے بغیر حج کرنے سے ان عازمین کی حق تلفی ہوتی ہے جو بیرون ملک سے باقاعدہ پرمٹ لے کر آتے ہیں۔سعودی عرب میں مقیم لوگ کسی بھی صورت پرمٹ کے بغیر حج کے لیے نہ جائیں۔ ایسا کرنے والے گناہ کے مرتکب قرار پائیں گے۔ ‘‘واضح رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے پرمٹ کے بغیر حج کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے 50ہزار ریال جرمانے کی سزا کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ جو تارکین وطن اس پابندی کی خلاف ورزی کریں گے انہیں 6ماہ قید کی سزا بھی ہو گی اور ان کو ملک بدر کرتے ہوئے آئندہ 10سال تک مملکت میں داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں