بھارت نے تیل کی خریداری میں متحدہ عرب امارات کو بھارتی روپے میں پہلی ادائیگی کر دی

بھارت نے تیل کی خریداری میں متحدہ عرب امارات کو بھارتی روپے میں پہلی ادائیگی کر دی

بھارت نے تیل کی خریداری میں متحدہ عرب امارات کو بھارتی روپے میں پہلی ادائیگی کر دی۔ ڈیلی ڈان کے مطابق بھارتی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات اور بھارت کے مابین مقامی کرنسی (بھارتی روپیہ) میں باہمی تجارت کا آغاز ہو چکا ہے اور بھارت نے پہلی بار متحدہ عرب امارات کو 10لاکھ بیرل تیل کی ادائیگی بھارتی روپے میں کر دی ہے۔متحدہ عرب امارات میں بھارتی سفارتخانے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین آئل کارپوریشن نے ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (اے ڈی این او سی) کو خریدے گئے تیل کی بھارتی روپے میں ادائیگی کی ہے۔ اس سے قبل بھارت کا ایک سونے کا خریدار متحدہ عرب امارات کے سونے کے برآمد کنندہ کو25کلوگرام سونے کی ادائیگی بھارتی روپے میں کر چکا ہے۔اس سونے کی قیمت 12کروڑ 84لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 44کروڑ پاکستانی روپے) تھی۔واضح رہے کہ بھارت اور متحدہ عرب امارات کے مابین رواں سال جولائی میں مقامی تجارت کی ادائیگی بھارتی روپے میں کرنے کا معاہدہ طے پایا تھا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران دونوں ممالک نے ’رئیل ٹائم پے منٹ لنک‘ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا، تاکہ دونوں ممالک کے مابین رقوم کی ترسیل باآسانی ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں