اسلام آباد( سٹار ایشیا نیوز )وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات شروع ہوگئے۔
حکومت اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کےدرمیان مذاکرات کےلیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے والےوفد کی چیئرمین سینیٹ سے چیمبر میں ملاقات جاری ہے۔
پی ٹی آئی کےوفد میں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور علی ظفر شامل ہیں۔
پی ٹی آئی وفد انتخابات سےمتعلق ایک نکاتی ایجنڈے پر ملاقات کررہا ہے۔
حکومتی وفد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ،سعد رفیق، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی،نوید قمر، کشور زہرا شامل ہیں۔
اس سےقبل وزیراعظم شہباز شریف تحریک انصاف سے آج مذاکرات شروع کرنےپر آمادگی کا اظہار کیا تھا،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے وزیر اعظم شہباز شریف سےملاقات کی اور انہیں عدالتی کارروائی کےبارے میں بتایا۔
رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے بھی مذاکرات کےلئے آج شام حکومتی وفد سے ملاقات کرنےکا بتایا تھا۔
سپریم کورٹ میں سماعت کےبعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے شاہ محمود قریشی کاکہنا تھاکہ مذاکرات چیئرمین پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی )عمران خان کی مقرر کردہ تین رکنی کمیٹی ہی کرے گی۔
شاہ محمود قریشی کاکہنا تھاکہ عمران خان نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دےدی ہے، فواد چوہدری،علی ظفر اور مجھ پرمشتمل کمیٹی بنائی ہے،حکومت سنجیدہ ہےتو مذاکرات کےلیے آج بھی تیار ہیں۔
یاد رہےکہ آج سپریم کورٹ آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ایک ساتھ انتخابات کی درخواست اور الیکشن فنڈز جاری کرنے کےحکم سے متعلق سماعت ملتوی کردی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب
اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نےکہا کہ کوئی ٹائم لائن نہیں دےرہے، آج کا آرڈر جاری کریں گے،ہم نہ کوئی ہدایت جاری کر رہےہیں،نہ کوئی ٹائم لائن، عدالت مناسب حکم نامہ جاری کرےگی،براہِ مہربانی آئین کیلئےایک دوسرے کے ساتھ بیٹھیں۔