آن لائن فراڈ، 2نوجوانوں نے 90دن میں شہریوں سے 60کروڑ روپے ہتھیالیے

بھارت میں دونوجوانوں نے آن لائن فراڈ میں 90دن کے دوران لوگوں سے 60کروڑ روپے ہتھیا لیے۔انڈیا ٹائمز کے مطابق ملزمان کا تعلق ریاست گجرات سے ہے جنہوں نے لوگوں کو آن لائن نوکریوں، بھاری تنخواہ اور سرمایہ کاری کے ذریعے بھاری منافع کا لالچ دے کر ان سے رقوم ہتھیائیں۔
33سالہ روپیش پروی کمار اور 34سالہ پنکج بھائی گوردھن اوڈ کو ممبئی پولیس نے ایک نوجوان کے رپورٹ درج کرانے کے بعد گرفتار کیا ہے۔ اس نوجوان سے دونوں ملزمان نے 2لاکھ 45ہزار روپے ہتھیائے تھے۔ملزمان کا سب سے پہلا شکار 19سالہ طالب علم کرش بنا۔ملزمان نے ایک اشتہار میں ہوٹلوں کے بارے میں تاثرات لکھنے کے بدلے میں بھاری تنخواہ کا اشتہار انٹرنیٹ پر دے رکھا تھا جسے پڑھ کر کرش نے ان سے رابطہ کر لیا۔ انہوں نے کرش سے کہا کہ وہ اسے 40ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دیں گے اور روزانہ کی بنیاد پر 3سے 5ہزار روپے بونس بھی ملے گا۔ کرش سے فون پر ماریہ نامی کسی لڑکی نے بات کی اور اسے کچھ رقم سرمایہ کاری میں لگانے پر بھی راضی کر لیا۔کرش نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان نے اسے پہلے صرف ایک ہزار روپے کی سرمایہ کاری کرنے کو کہا اور کہا کہ اسے اس پر 300روپے منافع ملے گا۔ میں نے ایک ہزار روپے کی سرمایہ کاری کر دی جس پر مجھے میسج موصول ہوا کہ میں نے 1ہزار 650روپے کما لیے ہیں۔اس کے بعد حیلے بہانوں سے انہوں نے مجھ سے اڑھائی لاکھ روپے ہتھیا لیے۔رپورٹ کے مطابق پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ملزمان کے بینک اکاﺅنٹس 1.1کروڑ روپے کی رقم موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں