محبت کی لازوال داستان،6 دہائیاں ساتھ رہنے والا امریکی جوڑا ہاتھوں میں ہاتھ لیے دنیا سے رخصت ہو گیا

امریکہ میں ایک عمر رسیدہ جوڑا 64سالہ ازدواجی زندگی کے بعد ہاتھوں میں ہاتھ ایک ہی دن دنیا سے رخصت ہو گیا۔ میل آن لائن کے مطابق 88سالہ ٹرینٹ ونسٹیڈ اور 83سالہ ڈولورس کی شادی کو 64سال کا عرصہ ہو چکا تھا جب رواں ماہ کے آغاز میں دونوں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔
ٹرینٹ کو گردے فیل ہونے پر سینٹ تھامس ویسٹ ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں اس کی اہلیہ ڈولورس اس کا ہاتھ تھامے اس وقت تک بیڈ کے ساتھ کھڑی رہی کہ اس کی اپنی طبیعت بھی خراب ہو گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق ڈولورس کو برین انیوریزم نامی عارضہ لاحق ہوا اور ڈاکٹروں نے اس کا بیڈ بھی اس کے شوہر کے کمرے میں ہی ڈال دیا۔
امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر نیشول کے رہائشی ٹرینٹ کی موت پہلے ہوئی اور اس کے چند گھنٹے بعد ڈولورس بھی سفر آخرت پر روانہ ہو گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق میاں بیوی نے ہسپتال کے بستروں پر پڑے ہوئے بھی ایک دوسرے کے ہاتھ تھامے رکھے تھے اور اسی حالت میں ٹرینٹ کی موت ہوئی۔ ان کی شادی کی 64سالگرہ میں صرف 5ہفتے باقی تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں