امریکی خاتون نے (Rent a Mother) کا انوکھا کام شروع کردیا

آپ نے کاریں اور دیگر کئی طرح کی اشیاءکرائے پر ملنے کے بارے میں دیکھ سن رکھا ہو گا لیکن آپ کو یہ سن کر سخت حیرت ہو گی کہ امریکہ کے شہر بوسٹن میں ایک خاتون کالج کے طلباءو طالبات کو ’رینٹ اے مدر‘ (Rent a Mother)کی سروس مہیا کر رہی ہے۔نیویارک پوسٹ کے مطابق اس خاتون کا نام ٹمی کیومن ہے۔ وہ عمر کی 70کی دہائی میں ہے۔ اس کے باوجود وہ بیک وقت کئی طالب علموں کو اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے۔ وہ کسی بھی اچھی ماں کی طرح ان طالب علموں کے لیے کھانا بناتی ہے، ان کے کپڑے دھوتی ہے اور دیگروہ تمام کام کرتی ہے جو اپنی اولاد کے لیے مائیں کرتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹمی کیومن بتاتی ہیں کہ وہ ایک بار اپنے ایک کسٹمر کی ضمانت کرانے بھی گئی تھیں جو میامی جیل میں قید تھا۔ وہ طالب علموں کے بیمار پڑ جانے ان کے ساتھ ہسپتال بھی جاتی ہیں اور وہاں ان کی تیمارد اری کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ تعلیم کی غرض سے اپنی ماﺅں سے دور رہنے والے بچوں کی ماں ہیں۔ ٹمی کیومن نے اس مقصد کے لیے ’Concierge Service for Students‘ کے نام سے ایک کمپنی بنا رکھی ہے۔ وہ پری بورڈنگ سکولوں، بورڈنگ سکولوں اور کالجز کے طالب علموں کو اپنی سروس مہیا کرتی ہیں۔ وہ ایک طالب علم سے ایک تعلیمی سال کی 10ہزار ڈالر (تقریباً 28لاکھ 87ہزار روپے)فیس وصول کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں