روہت شرما کے آؤٹ ہونے پر خوشی منانے والے شخص کو فینز نے تشدد کا نشانہ بنا کر مارڈالا

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک میچ میں روہت شرما کے فینز نے ان کے آؤٹ ہونے پر خوشی منانے والے شخص کو تشدد کا نشانہ بنا کر مار ڈالا۔یہ واقعہ گزشتہ ہفتے کھیلے گئے ایک میچ میں پیش آیا۔ اس میچ میں سن رائزز حیدرآباد نے ریکارڈ 277 رنز بنا کر ممبئی انڈینز کو 31 رنز سے شکست دی تھی جب کہ اس میچ میں کئی مزید ریکارڈ بھی قائم ہوئے تھے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں جاری آئی پی ایل میں کولہاپور میں کھیلے جانے والے ایک میچ میں یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب سٹیڈیم میں موجود ایک شخص نے ممبئی انڈینز کے کھلاڑی (موجودہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان) روہت شرما کے آؤٹ ہونے پر خوشی کا اظہار کیا لیکن یہ بات قریب موجود روہت کے فینز کو ایک آنکھ نہ بھائی۔رپورٹ کے مطابق مرنے والا شخص جس کی شناخت بندو پانت کے نام سے ہوئی ہے نے جب روہت شرما کے آؤٹ ہونے پر خوشی کا اظہار کیا تو قریب موجود چند دیگر افراد نے اس کو زدوکوب کیا اور لاٹھیوں سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جو بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے مذکورہ شخص سے جھگڑا کرنے کے شک میں 2افراد بلونت جھانگے اور اس کے بھتیجے ساگر جھانگے کو گرفتار کر لیا جن پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر لکڑی کے تختے اور ڈنڈے سے متوفی پر حملہ کیا۔پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے تفتیشی ریمانڈ لے لیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں