باپ سےپیسے بٹورنے کیلئے اپنے اغوا کاڈرامہ رچانے والا بیٹا گرفتار

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع پالگھر سے تعلق رکھنے والے ایک 20 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر اپنے والد سے رقم بٹورنے کے لیے اپنے اغوا کا ڈرامہ رچا لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق 7 دسمبر کو پولیس کو وسائی کے فادرواڑی علاقے کے ایک رہائشی کی طرف سے شکایت موصول ہوئی کہ ان کا بیٹا گھر سے باہر گیا تھا لیکن واپس نہیں آیا جس کےبعد 8 دسمبر کو گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ مقامی پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران شکایت کنندہ کو ان کے بیٹے کا فون آیا جس میں کہا گیا کہ تین افراد نے انہیں اغوا کر کے قید میں رکھا ہوا ہے اور وہ 30 ہزار روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔بیٹے نے یہ بھی کہا کہ اگر تاوان ادا نہ کیا گیا تو وہ اسے مار ڈالیں گے۔بیٹے نے رقم ادائیگی کے لیے اپنے والد کو ایک QR کوڈ بھی بھیجا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے بعد 4ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور انہوں نے اس شخص کو وسائی، ویرار، نالاسوپارہ اور دیگر مقامات پر تلاش کیا۔ مختلف لیڈز پر کام کرنے کے بعد اس شخص کا ہفتے کے روز وسائی فاٹا سے سراغ لگایا گیا۔جب پولیس نے پوچھ گچھ کی تو معلوم ہوا کہ بیٹا اپنے والد سے رقم وصول کرنا چاہتا تھا جو وہ دینے کو تیار نہیں تھے۔ پولیس نے 20 سالہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے اور اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں