ترکمانستان کے عظیم رہنما کا پاکستان میں استقبال کرنے کے منتظر ہیں،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ترکمانستان کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف سے ترکمانستان کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین اور وزیر خارجہ راشد میریدوف نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔وزیراعظم نے ترکمانستان کے عظیم رہنما قربان گلی بردی محمدوف کے ساتھ اس ماہ کے شروع میں آستانہ میں ہونے والی ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کا پاکستان میں استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔وزیراعظم نے دونوں وزراء خارجہ کی قیادت میں پاکستان اور ترکمانستان کے مابین دوطرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے اداروں کی اس عمل میں باقاعدہ شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ترکمان کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے خصوصی کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے علاقائی تعاون اور رابطے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور تاپی گیس پائپ لائن اور دیگر منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں