جنگ سے متاثرہ کرائمیا پل کو جزوی طور پر کھول دیا گیا

روسی حکومت نے حملے سے متاثر ہونے والے کرائمیا پُل کو جزوی طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا۔ روس کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ یوکرین نے ڈرون حملے سے بحیرہ اسود پر قائم روس کے زیرانتظام کرائمیا کے پل کو نقصان پہنچایا، اس حملے کے نتیجے میں 2 روسی شہری ہلاک اور ایک بچی زخمی ہوئی۔ تاہم حملے کے اگلے روز ہی پُل کی ایک لین کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پُل پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی اہم ٹرانسپورٹ لنک کے خلاف دہشتگردی کی کارروائی قرار دیا ہے جب کہ پیوٹن نے اس کے نتیجے میں روسی فوج کے جواب دینےکے عزم کا بھی اظہار کیا۔

اسی حوالے سے روس کے نائب وزیراعظم نے پل پر ٹریفک کی روانی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پُل کے دونوں ٹریک کو ستمبر تک ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں