کراچی ائیر پورٹ پر ٹارمک ایریا میں کھڑے ہوئے طیارے سے ٹرک ٹکرا گیا۔
اطلاعات کے مطابق بین الاقوامی کارگو کمپنی کا طیارہ معمول کی لوڈنگ/ ان لوڈنگ کےلیے پارک گیا تھا۔
پارکنگ میں کھڑے ہوئے طیارے کو اچانک ایک لوڈر ٹرک نے ٹکر مار دی۔ ممکنہ طور پر لوڈر ٹرک کے بریک گیلی سطح کی وجہ سے فیل ہوئے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ایئر سائیڈ حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
دوسری جانب مون سون بارشوں کے باعث کراچی ائیرپورٹ کے رن وے اور اطراف میں بڑی تعداد میں کیڑے مکوڑے آگئے ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے رن وے پر اسپرے کا عمل شروع کردیا ہے۔
رن وے پر بارش کے بعد کیڑے مکوڑوں کو کھانے والے پرندے طیاروں کےلیے بڑا خطرہ ہیں۔ گزشتہ روز بھی کراچی ائیرپورٹ پر 2 طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات ہوئے تھے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر طیاروں کے محفوظ فلائٹ آپریشن کےلیے فیومیگیشن عمل شروع کردیا ہے جبکہ ایئرلائنز کے کپتانوں کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران انتہائی احتیاط کی ہدایت کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 4 جولائی تک کراچی ایئرپورٹ اور اطراف میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق آج بھی بارش کے باعث سیسنا، پائپر ساختہ ہلکے وزن کے طیاروں کو فلائنگ سے روک دیا گیا ۔ لائٹ ویٹ طیاروں کو بارش کے موسم حد نگاہ اور ہوا میں بیلنس قائم رکھنے میں دشواری ہوتی ہے۔