چھوٹے تاجروں کیلئے آسان ٹیکس نظام متعارف، ایف بی آر نے نئی سکیم جاری کر دی

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے کیلئے خصوصی طریقہ کار متعارف کرا دیا ہےجس کے تحت مخصوص کاروباری افراد آسان شرائط پر ٹیکس ادا کر سکیں گے۔ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ خصوصی ٹیکس سکیم ٹیکس سال 2026 کیلئے نافذ ہوگی، جس سے ایسے انفرادی دکاندار فائدہ اٹھا سکیں گے جن کا سالانہ کاروبار 20 کروڑ روپے تک ہے۔ سکیم کے تحت اہل دکانداروں کو اپنے مجموعی کاروبار پر ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔نئے طریقہ کار کے تحت دکانداروں کیلئے ریٹرن جمع کراتے وقت کم از کم 25 ہزار روپے نقد ٹیکس کی ادائیگی لازمی قرار دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ودہولڈنگ ٹیکس کو قابل ادائیگی ٹیکس میں ایڈجسٹ کیا جا سکے گا، تاہم اضافی رقم واپس نہیں کی جائے گی۔ایف بی آر کے مطابق اہل دکاندار اپنی رجسٹریشن آئی آر آئی ایس پورٹل، موبائل ایپ یا متعلقہ ٹیکس دفتر کے ذریعے کرا سکیں گے۔ سکیم اختیار کرنے والے تاجروں کا معمول کے مطابق آڈٹ نہیں کیا جائے گا، تاہم غیر معمولی لین دین یا قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اس سکیم میں شامل دکانداروں کو پی او ایس سسٹم اور ڈیجیٹل انوائسنگ کی شرط سے بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔ رجسٹرڈ اہل دکانداروں کی شناخت کیلئے ایف بی آر کی جانب سے کیو آر کوڈ والی “گرین پلیٹ” بھی جاری کی جائے گی۔ایف بی آر نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ وقت تک ریٹرن جمع نہ کرانے یا سکیم کا انتخاب نہ کرنے والے اہل افراد پر 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں

eighteen − thirteen =