پاکستانی موسیقی اور ثقافت کی نئی آوازوں کیلئے نئے پلیٹ فارم کا اعلان

لاہور، اگست 2026: پاکستان کے معروف میوزک پلیٹ فارم کوک اسٹوڈیو نے موسیقی اور ثقافت کی نئی نسل کیلئے ایک نئے پلیٹ فارم ”کوک اسٹوڈیو نیو۔ویو“ کے آغاز کا اعلان کردیا ہے، جو ستمبر 2026 میں لانچ کیا جائے گا۔ تقریباً دو دہائیوں سے پاکستان کی مختلف آوازوں، زبانوں، دھنوں اور ثقافتی روایات کو دنیا بھر تک پہنچانے والے کوک اسٹوڈیو کا نیا پلیٹ فارم ملک کے ابھرتے ہوئے فنکاروں، پروڈیوسرز اور تخلیق کاروں کو اپنی شناخت اور موسیقی کے اظہار کیلئے مزید آزادی فراہم کرے گا۔
کوک اسٹوڈیو نیو۔ویو روایتی ایک ہی تخلیقی سمت کے بجائے مختلف فنکاروں اور پروڈیوسرز کے منفرد نقطۂ نظر کو یکجا کرے گا۔ موسیقی، فلم، ڈیزائن اور بصری کہانی کاری سے وابستہ معروف اور ابھرتے ہوئے فنکار اس پلیٹ فارم کا حصہ ہوں گے، جہاں انہیں تجربات کرنے، اپنی آواز اور انداز میں تخلیق کرنے اور اپنی کمیونٹیز اور سامعین سے براہِ راست جڑنے کا موقع ملے گا دی کوکا کولا کمپنی کے پاکستان اور افغانستان ریجن کے جنرل منیجر سامی وحید نے کہا کہ تقریباً دو دہائیوں میں کوک اسٹوڈیو صرف ایک میوزک پلیٹ فارم نہیں رہا بلکہ پاکستان کی ثقافتی شناخت کا ایک مضبوط اظہار بن چکا ہے۔ 15 سیزنز میں تقریباً 350 میوزیکل ریلیزز کے ذریعے کوک اسٹوڈیو نے پاکستانی موسیقی، کہانیوں اور ثقافت کو 180 سے زائد ممالک کے سامعین تک پہنچایا اور ملک کے تخلیقی شعبے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا انہوں نے کہا کہ کوک اسٹوڈیو نیو۔ویو اسی شاندار ورثے کا اگلا باب ہے، جس کا مقصد پاکستان کی موجودہ موسیقی اور تخلیقی منظرنامے کو تشکیل دینے والے فنکاروں، پروڈیوسرز اور تخلیقی کمیونٹیز کیلئے مزید مواقع پیدا کرنا ہے۔
کوک اسٹوڈیو نیو۔ویو کی تخلیقی قیادت ایوارڈ یافتہ فلم میکر اور ڈائریکٹر جبکہ کوک اسٹوڈیو کے سابقہ رکن کمال خان کر رہے ہیں۔ ایگزیکٹو پروڈیوسر کمال خان کے مطابق کوک اسٹوڈیو نے ہاؤس بینڈ اور ایک مشترکہ میوزیکل سمت کے ذریعے ایک منفرد روایت قائم کی، تاہم نیو۔ویو موجودہ دور کے موسیقاروں کے کام کرنے کے انداز کی عکاسی کرے گا، جہاں لیپ ٹاپ، ہوم اسٹوڈیوز اور آزادانہ تخلیق کاری موسیقی کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیو۔ویو میں فنکاروں اور پروڈیوسرز کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے مطابق کام کرنے کی آزادی دی گئی ہے، جبکہ ان کا کردار درست لوگوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنا اور انہیں اپنی تخلیقی دنیا تشکیل دینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق اسی وجہ سے ہر گانے کی اپنی الگ شناخت اور تخلیقی دنیا ہوگی۔نیو۔ویو کے ذریعے پہلی بار متعدد ایسے فنکاروں کو بھی بڑے پلیٹ فارم پر آنے کا موقع مل رہا ہے جنہوں نے آزادانہ میوزک ریلیزز، لائیو پرفارمنسز اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے سامعین بنائے۔ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے نیو۔ویو پورٹل بھی متعارف کرایا گیا، جس کے ذریعے پاکستان بھر سے گلوکاری، رقص اور دیگر تخلیقی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنی صلاحیتیں پیش کیں۔ پورٹل پر ہزاروں درخواستیں موصول ہوئیں، جن کا جائزہ لے کر فنکاروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا اور مستقبل کیلئے بھی باصلاحیت تخلیق کاروں کا ایک وسیع نیٹ ورک سامنے آیا۔کوک اسٹوڈیو نیو۔ویو کے پہلے ایڈیشن میں آریان ایس ڈی کیو، افیوسک، عاصم اظہر، حسن رحیم، عز چغتائی، مانُو، سبات باطن، شائے گل، ینگ اسٹنرز اور زوہا وسیم سمیت معروف اور ابھرتے ہوئے فنکار شامل ہیں۔پہلے ایڈیشن میں چھ گانے ”ماہیا، دل، رنگین، قسم، شبنم اور اے دیوانِ دل“ پیش کیے جائیں گے۔ یہ گانے پاکستانی شناخت کے مختلف جذباتی پہلوؤں کی عکاسی کریں گے اور ملک کے موجودہ موسیقی کے منظرنامے کو ان فنکاروں کی نظر سے پیش کریں گے جو آج پاکستان کی آواز تشکیل دے رہے ہیں۔نیو۔ویو کے میوزیکل پروڈیوسرز میں عبداللہ کسمبی، علی سومرو، جوکھے، روولیئو، طلال قریشی اور عمیر شامل ہیں، جو ہر گانے کیلئے الگ اور منفرد صوتی شناخت تشکیل دیں گے۔کوک اسٹوڈیو نیو۔ویو کے چھوں گانے مرحلہ وار ریلیز کیے جائیں گے، جبکہ ہر گانے، اس میں شامل فنکاروں اور اس کے پس منظر میں موجود تخلیقی سفر کے حوالے سے مزید تفصیلات آئندہ ہفتوں میں جاری کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں

six − one =